بنگلورو:29/اپریل(ایس او نیوز) پرانے نوٹوں کی تبدیلی کے معاملے پر سات افراد کو گرفتار کرتے ہوئے 97 لاکھ روپیوں کے پرانے نوٹ ضبط کرنے میں کبن پارک پولیس نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت شیو پرساد، شیولنگپا، عبدالرحمن، پردیپ، روی کمار، منجوناتھ اور بسوراج کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ یہ لوگ ایم جی روڈ پر کارپارکنگ کرکے پرانے نوٹوں کی تبدیلی کا دھندا چلاتے تھے جس کی اطلاع پاکر ڈی سی پی چندرا گپتا کی قیادت میں پولیس نے بارٹن سنٹر سے قریب انہیں گرفتار کرتے ہوئے منسوخ شدہ پانچ سو اور ہزار روپیوں کے 97لاکھ کے نوٹ ضبط کرلئے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ لوگ 30 فیصد کمیشن کی بنیاد پر پرانے نوٹ نئے نوٹوں میں تبدیل کرتے تھے۔ سابق کارپوریٹر وی ناگراج کے مکان پر چھاپہ مارتے ہوئے حال ہی میں پولیس نے 14کروڑ روپیوں کے پرانے نوٹ ضبط کرلئے تھے۔